ہوناور، 4 جولائی (ایس او نیوز) بدعنوان افسروں کے خلاف کارروائی کے مقصد سے لوک آیوکتہ پولیس نے ہوناور پٹن پنچایت احاطے میں چھاپہ مارا جس کے دوران چیف آفیسر اور پٹن پنچایت رکن کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق لوک آیوکتہ پولیس کے جال میں پھنسنے والے ہوناور پٹن پنچایت کے چیف آفیسر کا پروین کمار نائیک ہے اور پنچایت رکن کا نام وجئے کامت ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ہوناور شہر کے رہنے چندراہاس باندیکر نے اپنی جائداد کے ای - پراپرٹی دستاویز بنوانے کی درخواست دی تو چیف آفیسر پروین کمار نائیک ان سے بطور رشوت 2.50 لاکھ روپوں کا مطالبہ کیا اور رکن پنچایت وجئے کامت نے سودے بازی کا کام کیا ۔
اس تعلق سے دامودر منجو ناتھ نائک نے 2 جولائی کو لوک آیوکتہ کے پاس شکایت درج کروائی اور اس کے ثبوت کے طور پر کچھ دستاویز بھی پیش کیے ۔ جس کے بعد لوک آیوکتہ نے جال بچھایا اور کل پٹن پنچایت کے اندر پیشگی رقم کے طور 60 ہزار روپے قبول کرتے وقت چھاپہ مارتے ہوئے دونوں کو ملزموں کو گرفتار کرنے کے بعد کاروار میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔
لوک آیوکتہ سپرنٹنڈنت کمار چندرا نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہوناور پٹن پنچایت چیف آفیسر کے خلاف کئی شکایتیں ملی تھیں مگر اس پرکارروائی کے لئے دستاویزی ثبوت نہیں تھے ۔ باندیکر نے اپنی شکایت کےساتھ ثبوت بھی فراہم کیے تھے اس لئے اس پر فوری کارروائی ممکن ہوئی اور ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بدعنوانی اور رشوت خوری کے خلاف شکایت درج کروانے سے نہیں گھبرانا چاہیے ۔ اگر شکایت سچی ہے تو قانونی کارروائی کرنے کے علاوہ شکایت کنندہ کا کام بھی پورا کیا جاتا ہے اور اگر شکایت جھوٹی ہو تو شکایت کنندہ کے خلاف قانونی کارروائی ہوتی ہے ۔ اس لئے عوام کو بدعنوانیوں کے خلاف بے خوف ہو کر لوک آیوکتہ کو اطلاع دینی چاہیے ۔ اگر ضروری ہو تو 9364062527 پر رابطہ بھی قائم کیا جا سکتا ہے ۔
اس چھاپہ مار کارروائی میں لوک آیوکتہ ایس پی کمار چندرا، انسپکٹر ونائیک بیلّوا اور ٹیم نے حصہ لیا ۔